لکھنؤ،16؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی اور یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے مشن 2019 کو روکنے کے لئے مخالف پارٹیوں کے لیڈر بی جے پی کے خلاف متحد ہونے کی بات کر رہے ہیں لیکن کسی سے اتحاد کرنے کے کسی بھی خدشہ سے ملائم سنگھ یادو نے انکار کر دیا ہے۔ملائم سنگھ یادو نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی کسی سے بھی اتحاد نہیں کرے گی۔ ایس پی تنہا الیکشن لڑنے کے قابل ہے۔کل ہی پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آنے والے انتخابات میں اتحاد کرنے کے اشارے دئے تھے۔اکھلیش نے کہا تھا کہ ہم تو ہر ایک کا استقبال کرنے والے لوگ ہیں، ہم نے پہلے بھی خیر مقدم کیا تھا، اس وقت بھی بہت بڑی خبر نکلی تھی، جب کہ نتائج اس وقت نہیں آئے تھے، ہم تو اب بھی تیار ہیں۔دو دن پہلے مایاوتی نے کہا تھا کہ اپنے ملک کی جمہوریت کو بچانے کے لئے بی جے پی اورای وی ایم کی خرابی کے خلاف کی جا رہی جدوجہد میں اگر بی جے پی مخالف پارٹیاں بھی ہمارے ساتھ آنا چاہیں گی تو ان کے ساتھ بھی اب ہمیں ہاتھ ملانے میں کوئی گریز نہیں۔مایاوتی نے بی جے پی کو روکنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ آنے کے اشارے دئے ہیں۔ وہیں اکھلیش بھی کچھ دن پہلے ان سے ہاتھ ملانے کو تیار نظر آئے تھے۔